شہریوں کو نصابی، مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے

وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن کا شہرکتاب کا اچانک دورہ،سٹالز، گودام ، کتاب کیفے کا معائینہ، سہولیات کا جائزہ لیا

منگل 26 جون 2018 16:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن نے نیشنل بٴْک فائونڈیشن (این بی ایف) کو ہدایت کی ہے کہ عام شہریوں کو نصابی اور مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور شہریوں بالخصوص طالب علموں کو آگاہ کرنے کی ایسی موثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ وہ کم قیمت پر کتب کی فراہمی کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں۔

یہ ہدایات انہوں نے منگل کو جناح سپر اسلام آباد میں قائم شہر کتاب کے اچانک دورہ کے موقع پر جاری کیں۔ وفاقی سیکرٹری نے این بی ایف کے زیر انتظام ’شہرکتاب‘ اسلام آباد کے مختلف حصے،سٹالز، گودام اور کتاب کیفے کا معائنہ کیا اور عام شہریوں کو دی جانے والی سہولیات اور کتب کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

این بی ایف کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اس موقع پر بتایا کہ شہرکتاب وفاقی دارالحکومت کے شہریوں اور طالب علموں کو نصابی اور دیگر کتب پر کم ازکم دس فیصد سے لے کر پچاس فیصد تک رعایت پر کتب فراہم کررہا ہے۔

وفاقی سیکرٹری انجنیئر عامر حسن نے ہدایت کی کہ این بی ایف کی رعایتی قیمت پر کتب ایک قومی خدمت ہے۔ شہریوں کو آگاہ کرنے سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں اور شہرکتاب کے مقاصد کو حاصل کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے شہرکتاب میں انتظامات پراطمنان کااظہارکیا۔ اس موقع پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق، جوائنٹ سیکرٹری نزیراحمد اور دیگر حکام موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :