ڈی سی سرگودھا کی ایجوکیشن افسران کو مستقبل کاپلان تیار کرنے، نان سیلری بجٹ کا سو فیصد شفاف استعمال یقینی بنانے کی ہدایت

منگل جون 16:08

سرگودھا۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا مظفر خان سیا ل نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایجوکیشن افسران کو مستقبل کاپلان تیار کرنے اور نان سیلری بجٹ کا سو فیصد شفاف استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے داخلہ مہم کے اہداف کو بھی سو فیصد حاصل کرنے کیلئے تمام وسائل کو استعمال میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

وہ محکمہ تعلیم اور ذیلی محکموں سپیشل ا یجوکیشن اور لٹریسی کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلا س سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری سکولوں میں ناپید سہولتوں کی فراہمی اوراساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ، طلباء کو یونیفارم اور کتابوں سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ، اسی طرح خصوصی بچوں کے پک اینڈ ڈراپ کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی محکمانہ انکوائریوں کو فوری نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی رانا اظہر علی خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ضلع بھر میں کل 1925 سرکاری سکولز ہیں جن میں طالبات کے سکولوںکی تعداد 1045 جبکہ لڑکوں کے 880 سکولز ہیں ، اسی طرح 88 سکولز پیف کے زیر انتظام چل رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع بھر میں 21943 اساتذہ کی آسامیوں میں سے 1313خالی ہیں جن کیلئے بھرتیوں کا عمل بھی جاری ہے ، ضلع بھر میں اس سال پانچ لاکھ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخلے کا ہداف مقرر کیا گیا اور اب تک چارلاکھ 65 ہزار 735 بچوں کے داخلے کئے جاچکے ہیں ، سرگودہا کا پرائمری کا نتیجہ 91.33 فیصد ، مڈل کا 92.14 فیصد جبکہ میٹرک 81.89 فیصد رہا ۔

سی او نے بتایا کہ ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں ناپید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پانچ کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے 73 سکیموں پر کام جاری ہے ، سرکاری سکولوں کے 6481 بچوں کو خدمت کارڈ بھی جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع بھر میں 45 سٹیلائٹ سکولز بھی کام کر رہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر کو ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن محمد شاہد اور ڈپٹی ڈی ای او لٹریسی انعم احسان نے بھی اپنے اپنے محکموں کے بارے مفصل بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :