تکنیکی اور مستند مقالہ جات تحریر کرنے بارے ورکشاپ کا انعقاد

منگل جون 16:08

سرگودھا۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ کیمسٹری اور )او آر آئی سی) کے باہمی اشتراک سے’’ تکنیکی اور مستند تحقیقی مقالہ جات تحریرکرنے‘‘ کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ کے ذریعے ایم فل، پی ایچ ڈی کے طلبہ کو جدید اور سائنسی بنیادوں پر ریسرچ کے طریقہ کار کو سمجھنے، تنقیدی و تحقیقی مضامین تحریر کرنے کا طریقہ کار سمجھنے کا موقع ملا۔

ورکشاپ میں طلبہ کو آگاہ کیا گیا کہ وہ کس طرح معیاری ریسرچ پیپر کے ذریعے قومی و بین الاقوامی فنڈنگ اور سکالرشپس حاصل کر سکتے ہیں۔کانفرنس میں چیئرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز طاہر، پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر میاں انجم مرتضیٰ، ریسرچ سکالرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پر وفیسر ڈاکٹر محمد نواز طاہر نے کہا کہ جامعات معیاری ریسرچ کے حوالے سے ہی جانی جاتی ہیں اور یونیورسٹی آف سرگودھا میں بتدریج ریسرچ کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے خاص طور پر ریسرچ پیپرز کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا رہا جس سے معیاری ریسرچ پیپر سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسرچ کا طریقہ کار اگر درست ہوتو ریسرچ سے سود مند نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں، طلبہ کو چاہئے کہ وہ اس ورکشاپ میں شامل ماہرین کے تجربہ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں میں نکھار لائیں، ڈائریکٹر )او آر آئی سی) پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ خاص طور پر ریسرچ کرنے والے طلبہ کی رہنمائی کیلئے منعقد کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے پراجیکٹس ، تھیسز اور ریسرچ پیپرز کا مواد معیاری طریقہ سے تیار کر سکیں کیونکہ جدید تقاضوں کے مطابق تیار کردہ ریسرچ ورک کو ہی قومی و بین الاقوامی سطح پر پزیرائی ملتی ہے۔

متعلقہ عنوان :