ایس ایس بی سہہ روزہ ملاکھڑا چیمپیئن شپ‘ تاج محمد بھٹی نے فاتح ٹرافی اپنے نام کر لی

منگل جون 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون اور ملھ ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام حضرت بشیر شاہ کے عرس کے موقع پر تین روزہ ملاکھڑا چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں تاج محمد بھٹی نے فائنل مقابلہ جیت کر فاتح ٹرافی اپنے نام کر لی۔ وزیر گوٹھ ضلع ایسٹ میں ہونے والی اس چیمپیئن شپ میں کراچی کے تمام اضلاع سے پہلوانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

فائنل مقابلہ تاج محمد بھٹی اور حاکم علی رند کے درمیان کھیلا گیا جسے تاج محمد بھٹی نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت لیا۔ دوسری پوزیشن کے مقابلے میں عبدالجبار گلدستہ نے رزاق شیدی کو زیر کیا۔ جبکہ تیسری پوزیشن کے مقابلہ میں عزیز اللہ بروہی نے گلاب بلوچ کو شکست سے دوچار کیا۔ ملھ ایسو سی ایشن کے سیکریٹری اور آرگنائزر بہرام خاصخیلی نے سیکریٹری اسپورٹس نیاز علی عباسی کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے بشیر سوڈھر اور غلام مصطفی بروہی کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔