پشاور ،ْ پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران تباہ

منگل 26 جون 2018 16:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) پاک فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ پشاور ایئربیس پر کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ایف ٹی ،ْسیون پی جی تربیتی طیارہ معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھا۔ترجمان کے مطابق واقعہ کے بعد ایئربیس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 پائلٹ بھی شہید ہوئے تاہم پاک فضائیہ کی جانب سے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق طیارے نے صبح 11 بجکر 40 منٹ پر کسٹمز لینڈنگ رن وے کے قریب تکنیکی خرابی کی بناء پر کریش لینڈنگ کی۔عینی شاہدین کے مطابق ٹیک آف کرکے جیسے ہی جہاز تھوڑی سی بلندی پر گیا ،ْاس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، جہاز کے کپتان نے قریبی آبادی کو بچاتے ہوئے جہاز کو رن وے کی جانب موڑنے کی کوشش کی لیکن کریش لینڈنگ کے دوران ہی اس میں آگ لگ گئی۔عینی شاہدین کے مطابق جہاز میں سے زوردار دھماکے کی آواز بھی سنائی دی ،ْ فضا میں دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔