شہریوں کو نصابی، مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے ،ْعامر حسن

منگل جون 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن انجینئر عامر حسن نے نیشنل بٴْک فائونڈیشن (این بی ایف) کو ہدایت کی ہے کہ عام شہریوں کو نصابی اور مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور شہریوں بالخصوص طالب علموں کو آگاہ کرنے کی ایسی موثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ وہ کم قیمت پر کتب کی فراہمی کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں۔

یہ ہدایات انہوں نے منگل کو جناح سپر اسلام آباد میں قائم شہر کتاب کے اچانک دورہ کے موقع پر جاری کیں۔ وفاقی سیکریٹری نے این بی ایف کے زیر انتظام ’شہرکتاب‘ اسلام آباد کے مختلف حصے،سٹالز، گودام اور کتاب کیفے کا معائینہ کیا اور عام شہریوں کو دی جانے والی سہولیات اور کتب کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

این بی ایف کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اس موقع پر بتایا کہ شہرکتاب وفاقی دارالحکومت کے شہریوں اور طالب علموں کو نصابی اور دیگر کتب پر کم ازکم دس فیصد سے لے کر پچاس فیصد تک رعایت پر کتب فراہم کررہا ہے۔

وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے ہدایت کی کہ این بی ایف کی رعایتی قیمت پر کتب ایک قومی خدمت ہے۔ شہریوں کو آگاہ کرنے سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں اور شہرکتاب کے مقاصد کو حاصل کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے شہرکتاب میں انتظامات پراطمنان کااظہارکیا۔ اس موقع پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق، جوائنٹ سیکریٹری نزیراحمد اور دیگر حکام موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :