واشنگٹن ریاض کو اپنے دفاع میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، امریکا کا اعلان

سعودی عرب کو دفاع کا پورا حق حاصل ہے، امریکا سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، امریکی وزارت خارجہ

منگل 26 جون 2018 17:16

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) امریکا نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن ریاض کو اپنے دفاع میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، سعودی عرب کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، امریکا سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق امریکا نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض کی جانب بیلسٹک میزائل داغے جانے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب کو اپنی سرحدوں کے دفاع کا حق حاصل ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا حوثیوں کی جانب سے الریاض پر دو بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکا اس طرح کی سرگرمیوں کو یمن کے بحران کو مزید گھمبیر کرنے کی سازشوں کا قرار دیتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو اپنی سرحدوں کے دفاع کا حق ہے اور واشنگٹن ریاض کو اپنے دفاع میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔