جمعیت علماء اسلام عام انتخابات میں بلوچستان میں بھر پوراکثریت حاصل کرکے بلوچستان میں حکومت قائم کرنے کی کوشش کریگی ،ْمولانا عبدالغفور حیدری

منگل جون 17:18

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 32سے امیدوار مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام عام انتخابات میں بلوچستان میں بھر پوراکثریت حاصل کرکے بلوچستان میں حکومت قائم کرنے کی کوشش کریگی اور بلوچستان میں لوٹ ،مار کرپشن کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند کردیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بڑیچ کالونی میں ڈاکٹر یوسف کی رہائش گاہ پرکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حلقہ پی بی 31کے امیدوار میراسحاق ذاکر شاہوانی ،مولوی محمد عیسیٰ اوردیگر نے بھی خطاب کیامولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان کو کچھ دینے کی بجائے قومی خزانے کو لوٹا اور کرپشن کی ہے جس کی زندہ مثالیں موجود ہیں اور وفاق نے بھی بلوچستان کو پسماندہ رکھا اور بلوچستان کے استحاق کو مجروح کیا اور بلوچستان کی پسماندگی کودور کرنے کیلئے فنڈزنہیں دیئے اس قسم کا رویہ ریاست کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے وفاق کو آئندہ اس قسم کے رویوں سے احتیاط کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

میر اسحاق ذاکر شاہوانی نے کہا کہ الیکشن جیت کر پی بی 31کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا ماضی میں قوم پرستوں نے اس حلقے پر توجہ نہیں دی اپنی تجوریاں بھریں لیکن لوگوں کے کام نہیں کئے۔حکیم مولوی محمد عیسیٰ نے کہا کہ پی بی 30کے عوام کی بھر پور خدمت کروں گا اور جیت کرانکے حقوق کیلئے آواز بلند کروں گااوراپنے حلقے میں اجتماعی کاموں پر بھر پور توجہ دوں گاجس میں ہسپتال ، تعلیم ،پینے کا صاف پانی ،سڑکوں کی تعمیر اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔