کراچی ،انویسٹی گیشن پولیس کھارادر کی کارروائی،2 قاتل، ایک اغوا کار گرفتار

منگل 26 جون 2018 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) انویسٹی گیشن پولیس کھارادر کی کارروائی، 2 قاتل، ایک اغوا کار سمیت 3 ملزمان گرفتار، مغوی کم عمر لڑکا بازیاب۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیشن انویسٹی گیشن آفیسر (SIO) انسپکٹر ناصر خان اور سب انسپکٹر محمد محمود نے پولیس پارٹی کے ہمراہ دو مقامات لیمارکیٹ اور جیلانی سینٹر کھارادر میں کامیاب کارروائیاں کیں۔

پہلی کارروائی لی مارکیٹ چپل کارخانے کے قریب کرکے قتل کے مقدمے میں ملوث روپوش دو ملزمان محمد سجاد ولد عبدالحمید اور محمد شہزاد ولد خارون کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان نے 20 مئی 2018ء کو معمولی تنازعہ و جھگڑے کے دوران چھریوں کے پے در پے وار کرکے مقتول محمد سرفراز کو قتل اور محمد شہزاد کو شدید زخمی کردیا تھا اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان کیخلاف کھارادر تھانے میں مقدمہ الزام 160/18 بجرم دفعہ 147/148/149/ 302/324 ت پ درج ہے۔ دوسری کارروائی شاہ فیصل کالونی عظیم پورہ میں کرکے اغوا میں ملوث ایک ملزم آصف کو گرفتار کرکے مغوی کم عمر لڑکے محمد عادل کو بازیاب کرالیا۔ جبکہ گرفتار ملزم کا ایک ساتھی احسن فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ ملزمان نے مغوی لڑکے کو 22 جون 2018 کو کھارادر جیلانی سینٹر سے اغوا کیا تھا۔ گرفتار ملزم کیخلاف کھارادر تھانے میں 180/18 بجرم دفعہ 364-A / 377/34 درج ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش اور فرار ملزم احسن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔