شہباز شریف کو عام انتخابات کے قریب آتے ہی سندھ کی یاد ستانے لگی،مراد علی شاہ

لیگ نے سندھ کو اپنے 5 سالہ دورِ حکومت میں ایک ہی ادھورا اور نامکمل گرین لائن منصوبہ دیا،سابق وزیراعلیٰ سندھ

منگل 26 جون 2018 17:33

شہباز شریف کو عام انتخابات کے قریب آتے ہی سندھ کی یاد ستانے لگی،مراد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) سابق وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے شہباز شریف کی جذباتی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کو عام انتخابات کے قریب آتے ہی سندھ کی یاد ستانے لگی۔ن لیگ نے سندھ کو اپنے 5 سالہ دورِ حکومت میں ایک ہی ادھورا اور نامکمل گرین لائن منصوبہ دیا۔گرین لائن منصوبہ کی تاخیر کا کریڈٹ بھی ن لیگ کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو کسی وائسرائے کی ضرورت نہیں ہے۔مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔وفاق نے سندھ کے فنڈز بڑے پیمانے پر روکے جس سے سندھ وسائل کمی کا شکار رہے۔شہباز شریف کہتے ہیں کراچی کو معاشی حق نہیں ملا ۔ہم پوچھتے ہیں کہ کراچی کی ترقی میں ن لیگ کی وفاقی حکومت نے اپنے دور حکومت میں کیوں نہیں حصہ ڈالا انہوں نے کہا کہ شہبا شریف نے دعوہ کیا ہے کہ تین سال میں گھر گھر پانی دیں گے لیکن یہ آپ کی ہی حکومت تھی کہ جس نے سی سی آئی اجلاس میں کراچی کو پانی دینے سے انکار کیا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے اس دعوے پر ہنسی آتی ہے کہ انھوں نے ملک کو لوڈشیڈنگ فری کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں سندھ میں لوڈشیڈنگ عروج پر رہی۔طویل لوڈ شیڈنگ نے سندھ کی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ بھی ن لیگ کا سندھ کی عوام کیلیے ایک تحفہ ہے۔ن لیگ کے دور حکومت میں سندھ حکومت نے بجلی کے تمام واجبات ادا کیے، اس کے باوجود بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دن بدن بڑھتا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں عدم دلچسپی ن لیگ کی سندھ دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا وعدہ کرنے والی مسلم لیگ (ن) نے ملکی معیشت کی دھجیاں اڑائیں۔ڈالر کے مقابلے میں آج جو روپئے کی حیثیت ہے اسے ن لیگ کی کمزور معاشی پالیسی واضح نظر آتی ہے۔آپ نے تو کراچی کی صنعت کا پہیہ جام کرنے کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ بھی کرائی۔

ہم نے لڑ جھگڑ کر کراچی کی صنعتوں کوگیس دلوائی۔شہباز شریف نے دعوہ کیا کہ جب تک پاکستان کو فلاحی ریاست نہیں بنائیں گے سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔پوچھتا ہوں کہ ابھی تو آپ کی حکومت تھی پھر کیوں نہیں فلاحی حکومت بنائی۔ن لیگ کی حکومت نے چھوٹے صوبوں سے ناروا سلوک کیا اس وقت آپ کی فلاحی ریاست کہاں تھی۔آپ کی فلاحی ریاست میں صرف شاید لاہور ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا کراچی کو جنوبی ایشیا کا خوبصورت شہر بنانے کا دعوہ بھی مضحکہ خیز ہے۔جب کراچی میں امن و امان بحال کرنے کیلئے ٹارگیٹڈ آپریشن شروع ہوا تو ن لیگ نے مالی تعاون سے انکار کیا۔ن لیگ کی حکومت نے پورے پانچ سال میں سوائے لفاظی کے ایک روپیہ کی بھی مدد نہیں کی۔ن لیگ نے خسارے میں چلنے والے صنعتوں کو بحال کرنے کا دعوہ کیا لیکن اسٹیل مل کو مزید تباہ کردیا۔آج اگر کراچی ترقی یافتہ شہر نظر آرہا ہے تو یہ کراچی کی عوام اور پیپلز پارٹی کی حکومت کا کارنامہ ہے۔