مفاد پرست ٹولہ پھر مہاجروں کو استعمال کرنے کی کوشش کررہاہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

سالوں سے اسمبلیوں میں بیٹھنے والوں نے مہاجروں کو رسوائی ، ذلت اور پسپائی کے سوا کچھ نہیں دیا،چیئرمین ایم آئی ٹی

منگل 26 جون 2018 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے حلقہ 254 اور این اے 239 کے اُمیدوار ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجروں کی صورتحال کو تبدیل کرنے کیلئے سندھ کے شہری علاقوں سے قومی اور صوبائی کے انتخاب لڑنے والے اُمیدوار مل کر تبدیلی کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ وہی ٹولہ جو گزشتہ 30 سالوں سے مہاجروں کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کررہا ہے ایک بار پھر وہی ٹولہ مہاجروں کو بیوقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے لیکن اب سندھ کے مہاجر ان بہروپیوںاور پیدا گیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔

وہ کراچی کے مختلف حلقوںسے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے والے اُمیدواروں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ مہاجر قوم کو اپنے حلقوں میں آنے والے اُمیدواروں سے یہ سوال ضرور کرنا چاہئے کہ انہوں نے مہاجروں کیلئے اب تک کیا کیااور ان کے ہاتھوں کتنے مہاجر گھر اُجڑے ہیں اور اس کا ذمہ دار کون ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے کچھ بہروپیے جنہوں نے سیاست کے نام پر بھتے گیری اور قتل وغارت گری کی وہی آج مہاجروں کی قسمت کے فیصلے کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن مہاجر عوام اِن جرائم پیشہ عناصر کو بخوبی پہچانتے ہیں اور یہ 25جولائی کے انتخابات ان کا نہ صرف احتساب کریں گے بلکہ ان کی حیثیت اور اوقات کا بھی تعین ہوجائے گا۔