الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دیدی ،ْسمری وزارت دفاع کو ارسال

پرامن انداز میں الیکشن کے انعقاد کے لئے پاک فوج کی مناسب تعداد تعینات کی جائے ،ْسمری کا متن

منگل 26 جون 2018 17:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے سمری وزارتِ دفاع کو ارسال کردی ہے۔ذرائع کے مطابق عام انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت فوج کی معاونت حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے ایک سمری وزارت دفاع کو ارسال کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارتِ دفاع کو بھیجی گئی سمری میں پاک فوج کے جوانوں کی تعداد کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم وزارتِ دفاع سے درخواست کی گئی ہے کہ پرامن انداز میں الیکشن کے انعقاد کے لئے پاک فوج کی مناسب تعداد تعینات کی جائے۔سمری میں درخواست کی گئی کہ پولنگ اسٹیشنز پر فوول پروف سیکیورٹی لگائی جائے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر 23 جولائی سے 26 جولائی پاک فوج تعینات کی جائے جب کہ تمام پرننٹنگ پریسز پر بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی نگرانی میں کرائی جائے اورپرنٹنگ پریسز پر (آج) بدھ سے 25 جولائی تک فوج تعینات کی جائے۔