نگران وزیر اعظم نے ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا

ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو سمیت اہم تبادلوں کا امکان

منگل 26 جون 2018 17:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ،ْوفاقی سطح پر مزید اہم تبادلوں کا بھی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو کو تبدیل کرنے کے مطالبے پر حالیہ اجلاس میں فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ ڈی جی آئی بی ڈاکٹر سلیمان کی جگہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے سربراہ احسان غنی کو آئی بی کا نیا سربراہ بنائے جانے کا امکان ہے جس کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو سمری بھی بھجوائی جارہی ہے ،ْدوسری جانب وفاقی سطح پر اہم تبادلوں کا امکان ہے جس کے تحت چیئرمین ایف بی آر اور کچھ سیکریٹریز کو تبدیل کیا جائیگا ،ْذرائع کے مطابق سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے اور ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ کے بھی تبادلے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے علی دندھاوا کو ڈی سی اسلام آباد لگائے جانے کا امکان ہے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق کا تبادلہ این ایچ اے میں کیے جانے کا امکان ہے۔