نگران صوبائی وزیر چوہدری فیصل مشتاق کا سوشل ویلفیئر کمپلیکس کا دورہ، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے عملے کیلئے نقد انعام کا اعلان

محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال معاشرے کے نادار اور پسماندہ طبقات کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے،نگراں حکومت ادارے اور اس کے رہائشیوںکی فلاح و بہبود کے لیے پالیسی کے مطابق ہر ممکن اقدام اٹھائے گی‘ فیصل مشتاق

منگل جون 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر فیصل مشتاق نے سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں قائم کردہ تمام اداروں جن میں گہوارہ، چمن، عافیت، دارلسکون اور دارلفلاح شامل ہیں کا دورہ کیا۔نگراں وزیر کے سوشل ویلفیئر کمپلیکس پہنچنے پر ان سنٹرز میں کام کرنے والے سٹاف اور وہاں کے رہائشیوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے ۔

صوبائی وزیرفیصل مشتاق نے ادارے میں رہاش پذیر بچوں ، بوڑھوں اور معذور افرادسے خصوصی ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیر چوہدری فیصل مشتاق نے کہا کہ انہیںآج سوشل ویلفیئر کمپلیکس کا دورہ کرکے اور یہاں پر سٹاف اور ادارے کے رہائشیوں سے مل کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل ویلفیئر کی جانب سے معاشرے کے نادار اور پسماندو طبقات کے لیے دی جانے والی گراں قدر خدمات کو بے حد سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے بچوں، بوڑھوں، خواتین اور معذور افراد کو دی جانیوالی سروسز قابل ستائش ہیں۔فیصل مشتاق نے کہا کہ اگرچہ نگراں حکومت محدود مدت کیلئے ہے پر اس مختصر عرصے کے دوران اس ادارے کے رہائشیوں کے لیے جو بن پڑا کریں گے۔ انہوں نے ادارے میں مقیم معذور افراد خصوصا نابینا افراد کیلئے ماہر ڈاکٹرز سے خدامت حاصل کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔

نگران صوبائی وزیر چوہدری فیصل مشتاق نے سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے تحت قائم اداروں کے دورے کے موقع پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کیلئے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا اور بچوںمیں تحائف بھی تقسیم کیے۔دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ساجد ظفر، ڈائریکٹر لاہور فیض نعیم وڑائچ، پرنسپل سوشل ویلفئیر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ حافظ محمد اکرم اور دیگر افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :