نئے آبی ذخائر وقت کی فوری اور اہم ضرورت ہیں ،ْ خسرو بختیار

تحریک انصاف بر سر اقتدار آکر بھارتی آبی دہشت گردی کا بھرپور جواب دے گی ،ْوفود سے گفتگو

منگل جون 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) ملک میں نئے آبی ذخائر کی تعمیر وقت کی فوری اور اہم ضرورت ہیں ۔ بھارت پاکستان آنے والے دریائوں پر ڈیم بنا کر ہمارا پانی روک رہاہے ۔ جس سے نہ صرف پاکستان کی زراعت تباہ اور اراضی بنجر ہو جائے گی بلکہ عوام پینے کے پانی تک سے محروم ہو جائیں گے۔ بھارت کی اس آبی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں قومی سطح پر فوری لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا جبکہ قومی و علاقائی سطح پر ہمیں نئے آبی ذخائر بنانا ہو ں گے ۔

ان خیالات کا اظہار جنوبی پنجاب صوبہ محاذکے صدر و تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم خسرو بختیار نے اپنی رہائش گاہ پر علاقہ کے مختلف وفود سے کیا۔ کالا باغ ڈیم جیسا منصوبہ متنازعہ ہو چکا ہے جبکہ بھاشا ڈیم کی تکمیل بھی تا حال تا خیر کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں ملکی مفاد میں اکٹھے ہو کر پانی کی قلت کیلئے فوری اقدام اٹھانا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بر سر اقتدار آکر بھارتی آبی دہشت گردی کا بھی بھرپور جواب دے گی اور نئے آبی ذخائر پر ترجیحی بنیا دوں پر کام کرے گی ۔

ہم پاکستان کی زمینوں کو بنجر نہیں ہونے دیں گے ۔رحیم یار خان میں تحریک انصاف کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ ن لیگ کا دور دور تک وجود نہیں 25 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی بھر پور حمایت اور ہماری سیاسی حکمت عملی کی وجہ سے ضلع کے 6 قومی اور 13 صوبائی نشستوں پر انشاء اللہ کامیابی حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو اقتدار میں آکر صوبہ بنا ئیںگے جس سے 6 کروڑ جنوبی پنچاب کے عوام کو اپنے اختیار حاصل ہو جائیں گے ۔