پاکستانی زائرین کو امیر خسروکے عرس میں شرکت کیلئے ویزے جاری نہ ہوسکے

امیر خسرو کے عرس کی تقریبات کا آغاز 28 جون کو ہوگا جو 5 جولائی تک جاری رہیں گی بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیئے جائیں گے

منگل 26 جون 2018 17:41

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) عظیم صوفی شاعر حضرت امیر خسرو کے عرس کی تقریبات شروع ہونے میں دو دن باقی ہیں تاہم اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کی طرف سے ابھی تک پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کئے گئے ہیں ،ْامیر خسرو کے عرس کی تقریبات کا آغاز 28 جون کو ہوگا جو 5 جولائی تک جاری رہیں گی، پاکستانی زائرین نے عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے رواں سال جنوری میں وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی کے پاس درخواستیں جمع کروائی تھیں، اسکروٹنی کے بعد منتخب زائرین کوویزا کے حصول کیلئے درخواست اورپاسپورٹ جمع کروانے کا کہا گیا تاہم ابھی تک زائرین کو اس بات کا یقین نہیں ہے کہ انہیں بھارتی سفارتخانے کی طرف سے ویزے جاری کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے ذرائع کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیئے جائیں گے ادھرپاکستانی زائرین پریشان ہیں کہ ابھی تک ویزے نہیں ملے، اب صرف دو دن باقی ہیں اورانہوں نے تیاری بھی کرنی ہے ، ایسا نہ ہوکہ وہ لوگ تیاریاں کرلیں اوران کو ویزے نہ مل سکیںدوسری طرف پاکستان کی طرف سے بھارتی یاتریوں کو باقاعدگی سے ویزے جاری کئے جارہے ہیں، 21 جون کو 180 بھارتی سکھ یاتری مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی منانے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مارچ میں اجمیرشریف میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے عرس میں شرکت کیلئے بھی 503 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :