امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخ کے اہم موڑ پر ہیں، ہم امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن یکطرفہ نہیں، سفارتکاری کو اچھے انداز میں چلانے کیلئے تجربہ کار لوگوں کو موقع دیا جائے،چیئرمین قائمہ کمیٹی دفاع سینیٹر اعظم سواتی

منگل 26 جون 2018 17:43

سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخ کے اہم موڑ پر ہیں، ہم امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن یکطرفہ نہیں ،سفارتکاری کو اچھے انداز میں چلانے کیلئے تجربہ کار لوگوں کو موقع دیا جائے۔منگل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس پارلیمنٹ ہا ئو س میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

دوران اجلاس حال ہی میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کے علاوہ ان کیمرہ اجلاس میں لیفٹینٹ جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب اور پاکستان کی دفاعی اور قومی سلامتی پر پڑنے والے اثرات اور دیگر اہم معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخ کے اہم موڑ پر ہیں ۔

ہم امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن یہ تعلقات یکطرفہ نہیں ہو سکتے ۔سفارتکاری کو اچھے انداز میں چلانے کیلئے ضروری ہے کہ تجربہ کار لوگوں کو موقع دیا جائے اور پیشہ ور سفارتکاروں کو تعینات کیا جائے ۔سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ یہ مسئلہ تحریک التوا کے ذریعے ایوان میں اٹھایا گیا تھا اور اس پر تفصیلی بحث ہوئی تھی تاہم اب یہ معاملہ قائمہ کمیٹی امور خارجہ کو مناسب کارروائی کیلئے بھیجا جائے گا۔

کمیٹی نے ان کیمرہ اجلاس میں لیفٹینٹ جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب اور دفاع سے متعلق اہم امور کا تفصیل سے جائزہ لیا اور وزارت دفاع نے کمیٹی کے سامنے اس ضمن میں کی گئی کارروائی کے بارے میں آگاہ کیا ۔آج کے اجلاس میں سینیٹرز لیفٹینٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، مشتاق احمد ، عبدالرحمن ملک ، سجاد حسین طوری اور محمد جاوید عباسی کے علاوہ وزارت دفاع کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔