نگران کابینہ کی بجٹ کی منظوری، تنخواہوں پنشن میں10فیصد اضافہ

مالی سال19۔2018ء کے4ماہ کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی،محدود مینڈیٹ اور آئینی ذمہ داری کے اندر رہتے ہوئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 26 جون 2018 17:45

نگران کابینہ کی بجٹ کی منظوری، تنخواہوں پنشن میں10فیصد اضافہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جون 2018ء) : نگران صوبائی کابینہ پنجاب نے بجٹ کی منظوری دے دی، بجٹ میں تنخواہوں پنشن میں10فیصد اضافہ کیا گیا، نئے مالی سال19۔2018ء کے4ماہ کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت آج صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اجلاس میں نئے مالی سال 2018-19 کے4 ماہ کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں10فیصد اضافے کی تجویزکو منظور کیاگیا اور ہاوٴس رینٹ میں نظر ثانی کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی 10فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔ نگران کابینہ نے نئے مالی سال 2018-19کے 4ماہ کے ترقیاتی بجٹ کی بھی منظور ی دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے مالی سال 2018-19 کے 4 ماہ کے جاریہ اخراجات کے تخمینہ جات کی منظوری دی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے نئے مالی سال برائے 2018-19کیلئے 4 ماہ کا بجٹ پیش کیا ہے اور ہم نے آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر بجٹ پیش کیا ہے۔ہم نے اپنے محدود مینڈیٹ اور آئینی ذمہ داری کے اندر رہتے ہوئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔تعلیم،صحت ،زراعت اورسماجی شعبوں کیلئے فنڈز میں اضافہ کیاگیاہے ۔

ہم نے اپنے مینڈیٹ میں رہ کر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے ۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ تمام فیصلے کابینہ کی مشاورت سے کیے جارہے ہیں اورآج اتفاق رائے سے بجٹ منظور کیاگیا۔اجلاس میں پنجاب ریونیواتھارٹی کی کا رکردگی کو سراہا گیا۔قبل ازیں سیکرٹری خزانہ نے نئے مالی سال کے بجٹ کے اہم خدوخال کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اجلاس میں صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس اوراعلی حکام نے شرکت کی۔