اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی سفارشات پر عمل کرے، فاروق رحمانی

کشمیر یوں کی سیاسی جدوجہد کا واحد مقصد حق خودارادیت کا حصول ہے،چیئرمین جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ

منگل 26 جون 2018 18:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںو کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے علاقے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی اور احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے بھارتی فوج کے کمانڈوز کی تعیناتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کونسل کی سفارشات پر عمل کرے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ پرزوردیا کہ وہ علاقے میں بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے ۔ انہوں نے عالمی طاقتوں،یورپی یونین اور دیگر عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کو روکنے اور خطے میں قیام امن کے لیے اپنی خاموشی توڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ فرقہ پرست حکومت کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف شروع کی گئی جنگ سے خطے میں کبھی امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ فاروق رحمانی نے کہا کہ کشمیر یوں کی سیاسی جدوجہد کا واحد مقصد اقوام متحدہ کے منشور اور اس کی قراردادوں کے مطابق بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خودارادیت کا حصول ہے۔