سی پیک کے منصوبے نے خطے کی اقتصادی گیم کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے ‘ڈاکٹر حسن عسکری

چین دوستی کیلئے کوئی شرائط نہیں عائد کرتابلکہ یہ دوستی لو مور کے اصول پر کاربند ہے ،پاک چین دوستی امن ، محبت، تعاون اور والہانہ جذبوںکی روشن مثال، ہر امتحان پر پورا اتری ہے،سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہاہے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے چین کے قائم مقام قونصل جنرل وانگ ڈیکسو کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور ،پاک چین تعلقات کے فروغ اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

منگل 26 جون 2018 18:15

سی پیک کے منصوبے نے خطے کی اقتصادی گیم کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے ‘ڈاکٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں لاہور میں چین کے قائم مقام قونصل جنرل وانگ ڈیکسو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،پاک چین تعلقات کے فروغ اورسی پیک کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا میں امن ، محبت، تعاون اور والہانہ جذبوںکی روشن مثال ہے اور یہ دوستی ہر امتحان پر پورا اتری ہے۔

چین پاکستان کا سب سے بااعتماد دوست ملک ہے۔ چین کی قیادت اور حکومت نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ دلوں کا رشتہ ہے ۔ چین دوستی کیلئے کوئی شرائط نہیں عائد کرتا بلکہ یہ دوستی لو مور (Love More)کے اصول پر کاربند ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستا ن اور چین کی دوستی لازوال رشتوں میں ڈھل چکی ہے اور عصر حاضر کی تاریخ میں پاک چین دوستی کی کوئی مثال موجود نہیں اور ہمیں چین کی دوستی پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین برادارنہ تعلقات کا سفرکئی دہائیوں پر مشتمل ہے اور دونوں ملکوں کی دوستی کی اپنی مثال آپ ہے۔ پاکستان اور چین باہمی احترام ، محبت اور پیار لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کی لازوال دوستی دیر پاتعلقات کے نئے عہد میں داخل ہوچکی ہے اور پاکستان کے عوام کو چین کے بھرپور اعتماد اور معاشی تعاون پر فخر ہے۔

چین کی دوستی ہر پاکستانی کی متاع عزیز ہے۔ انہوںنے کہا کہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہاہے۔پاکستان اورچین علاقائی و بین الاقوامی امورپر یکساں موقف رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک نے دونوں ملکوں کے مابین دوستی کو نئی جہت عطا کی ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے ۔ سی پیک ایک غیر معمولی ترقی اورخوشحالی کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے نے خطے کی اقتصادی گیم کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اور روڈ کا شاندار ویژن دیاہے جو کہ خطوں کو آپس میں ملانے کا ایک بہترین پروگرام ہے۔ قائم مقام چینی قونصل جنرل نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اور دو طرفہ معاشی تعاون ہر گزرتے لمحے فروغ پا رہا ہے۔ چین ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔