پیپلز پارٹی کے پی ایس 108سے نامزد اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا

منگل 26 جون 2018 18:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام لیاری میں پیپلز پارٹی کے پی ایس 108سے نامزد اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ نے گھر گھر پہنچانے کی مہم تیز کر دی ۔ مہم کے دوران پیپلز پارٹی کے اُمیدوار حاجی عبد المجید پیدل گلیوں میں نکل پڑے اور گھروں کے دروازے پر دستک دے کر گھر میں موجود اہلِ خانہ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام دیا ۔

پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے لیاری کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے شہید نانا ذوالفقار علی بھٹو اور میری شہیدوالدہ محترمہ بینطیر بھٹو آج آپ لوگوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ میرے نانا اور میری ماں شہید ہیںاور شہید کبھی مرتا نہیں۔

(جاری ہے)

اسی لیے پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ایک ہی نعرہ لگاتا ہے زندہ ہے بھٹو ،زندہ ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں عام انتخابات میں حیران کن اور فقید المثال کامیابی حاصل کرئے گی۔

پی ایس 108سے پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ نے گلیوں میں گھوم پھر کر ایک ایک گھر پر دستک دے کر لوگوں سے ملاقاتیں کیںجبکہ شاہراہوں پرراہگیروں دوکانداروں کو بھی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام دیا۔ حاجی عبد المجید بلوچ نے مختلف مقامات پر علاقے کے مکینوں کے اجتماعات اور کارنر میٹنگ سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ملک میں حکمرانی پیپلز پارٹی کا حق ہے۔ کیونکہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے اور ملک کے عوام پیپلز پارٹی کو ہی اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اور انشاء الله پیپلز پارٹی تاریخی کامیابی حاصل کرئے گی۔