فلسطین اور اسرائیل بارے امریکی متنازع امن منصوبے’صدی کی ڈیل‘ کو مصر، اردن، سعودی عرب، امارات کی حمایت حاصل ہوگئی، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

صدی کی ڈیل کی حمایت کرنیوالے عرب ممالک فلسطینی اتھارٹی اور صدر عباس پر منصوبے کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں، رپورٹ

منگل 26 جون 2018 18:37

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) اسرائیلی اخبارات نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امریکہ کے نئے اور متنازع امن منصوبے’صدی کی ڈیل‘ کو کئی عرب ممالک کی طرف سے مکمل حاصل ہوگئی ہے اور امریکہ ان عرب ممالک کے ساتھ مل کر فلسطینی اتھارٹی کو نظرانداز کرتے ہوئے نافذ کرنے کی کوشش کرے گا۔انگریزی اور عبرانی زبان میں شائع ہونیوالے اسرائیلی اخبار ’اسرائیل ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق اردن، مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت نے ’صدی کی ڈیل‘ کے عنوان سے میڈیا میں مشہور امریکی امن منصوبے کی مکمل تائید اور حمایت کی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق امریکی مندوبین جارڈ کوشنر اور جیسن گرین بیلٹ نے عرب ممالک کے دورے کے دوران ان کے سامنے’صدی کی ڈیل‘ نامی سکیم کی تفصیلات پیش کیں۔

(جاری ہے)

ان ممالک کی مقتدر قیادت نے امریکی امن سکیم کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ چاہے فلسطینی صدر محمود اس اسکیم کو تسلیم نہ بھی کریں تب بھی وہ اس کی حمایت کریں گے اور اس کے نفاذ میں مدد فراہم کریں گے۔

اخبار نے ذمہ دار سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ محمود عباس کی مخالفت اور عدم قبولیت کے باوجود مصر، اردن، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو امریکی امن منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جارڈ کوشنر نے مصری صدرالسیسی اور اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ سے ملاقاتوں میں یقین دلایا ہے کہ امن منصوبے میں فلسطینیوں کے حقوق کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔

محمود عباس کی مخالفت کے باوجود علاقائی ممالک کی جانب سے منصوبے کی حمایت کی جا رہی ہے۔امریکی مندوبین نے حالیہ ایام میں عرب ممالک کے دورے کے دوران ان کا موقف سنا اور انہیں اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بڑے عرب ممالک کی جانب سے صدی کی ڈیل کے حوالے سے حیرت انگیز حمایت سامنے آئی۔اخبار کے مطابق صدی کی ڈیل کی حمایت کرنے والے عرب ممالک فلسطینی اتھارٹی اور صدر عباس پر بھی منصوبے کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔