ڈا ؤڈینٹل کالج کا الحاق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچے تعلیم اور نوکری دونوں سے محروم ہو رہے ہیں،والدین

منگل 26 جون 2018 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) ڈاؤڈ ینٹل کالج میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین نے کہا ہے کہ ڈا ؤڈینٹل کالج کا الحاق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچے تعلیم اور نوکری دونوں سے محروم ہو رہے ہیں ۔ والدین پیٹ کاٹ کر بچوں کی تعلیم مکمل کرواتے ہیں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہو ۔ مگر یہاں تعلیم مکمل کرنے کے بعد والدین کو یہ بات معلوم ہوئی کہ ان کے بچوںکی ڈگریاں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

ڈائو یونیورسٹی سے فارغ تحصیل طلبہ ڈاکٹرآج(بدھ) کالج کے باہر اپنے حقوق کے لئے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاؤڈ ینٹل کالج میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین نے کراچی پریس کلب میں منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ڈاؤڈینٹل کالج کے سیکڑوں طلبہ کا مستقبل نہایت مخدوش ہے۔

(جاری ہے)

ڈائو ڈینٹل کالج جو کہ ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سے ملحق ہے اس کے باوجود پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے تاحال اس کا الحاق نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ سے کروڑوں روپے وصول کرکے بھی ادارے کو رجسٹرڈ نہ کر وا یا جاسکا ہے ۔ ہمارے بچے تعلیم اور نوکری دونوں سے محروم ہو رہے ہیں ۔ والدین پیٹ کاٹ کر بچوں کی تعلیم مکمل کرواتے ہیں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہو ۔ مگر یہاں تعلیم مکمل کرنے کے بعد والدین کو یہ بات معلوم ہوئی کہ ان کے بچوںکی ڈگریاں رجسٹرڈ نہیں ۔موجودہ وائس چانسلر اس مسئلہ کی تمام تر ذمہ داری سابق وائس چانسلر پر ڈال رہے ہیں۔

بچوں کے والدین اس وقت شش و پنج میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائو یونیورسٹی سے فارغ تحصیل طلبہ ڈاکٹر بدھ 27جون کو کالج کے باہر اپنے حقوق کے لئے احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور اگر پھر بھی ہمارے بچوں کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ میں بھی یونیورسٹی کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جائے۔