اوکیناوا میں دوسری جنگ عظیم کے دوران اوکیناوا لڑائی کے خاتمے کی 73 ویں سالانہ تقریب

منگل 26 جون 2018 18:56

ٹوکیو ۔ 24 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) جاپان کے جنوب مغربی پریفیکچر اوکیناوا میں دوسری جنگ عظیم کے آخری دنوں میں ہونے والی اوکیناوا کی لڑائی کے خاتمے کی 73 ویں سالانہ تقریب منائی گئی۔ اس لڑائی میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پریفیکچر کی طرف سے اتو مان شہر کے پیس میموریل پارک میں منعقدہ اس تقریب میں تقریباً 5100 افراد نے شرکت کی۔

دوپہر کو ایک منٹ کی خاموش دعا بھی کی گئی۔23 جون 1945 کا دن اوکیناوا میں امریکی افواج کے خلاف جاپانی فوج کی منظم لڑائی کا آخری دن گردانا جاتا ہے۔ جنگ میں اوکیناوا کی کل آبادی کے ایک چوتھائی سمیت 2 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اوکیناوا کے گورنر تاکے شی اوناگا نے امن اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہا کہ اوکیناوا کی جنگ کے سانحے نے لوگوں کو جنگ کی حماقت اور زندگی کی قدر جیسے سبق دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ جاپان اور امریکی حکومت کی طرف سے ایک امریکی ائیر بیس کو اوکیناوا ہی میں دوسری جگہ منتقل کرنے کے منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے اسے مکمل ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ اوناگا نے رواں ماہ ہوئی امریکہ شمالی کوریا سربراہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی ایشیا میں کشیدگی میں کمی آ رہی ہے۔گورنر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو جاپان امریکہ سلامتی تعلقات اور اوکیناوا میں امریکی اڈوں کے حوالے سے سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

اس وقت جاپان میں موجود امریکی افواج کے لیے مخصوص سہولیات کا تقریباً 70 فیصد حصہ اوکیناوا میں ہے۔وزیر اعظم شنزو آبے نے کہا ہے کہ جاپان کا امن اور خوشحالی اوکیناوا کی اذیت اور غم کی مرہون منت ہیں۔ اور وہ اوکیناوا پر بوجھ کم کرے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :