امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس چین کے دورے پربیجنگ پہنچ گئے

اختلافات کے پس منظر میں دورے کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے،سیاسی مبصرین

منگل 26 جون 2018 19:09

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق میٹس ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے وزیر دفاع ہیں جو چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ دورہ ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب بحیرہ جنوبی چین کے معاملے پر دونوں ممالک میں تناؤ موجود ہے۔ واشنگٹن اسی تناظر میں تائیوان کو مزید ہتھیار فروخت کرنے کی کوشش میں ہے جبکہ بیجنگ اس کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف شمالی کوریا کے معاملے پر دونوں ممالک تعاون میں اضافے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔دریں اثناء سیاسی مبصرین امریکی وزیردفاع کے دورے کو چین امریکہ اختلافات کے پس منظر میں انتہائی اہمیت دے رہے ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان تائیوان اور شمالی کوریا کے معاملے پر تنائو موجود ہے جبکہ امریکی صدر کی جانب سے چینی اشیاء کی درآمد پر درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے سے بھی دونوں ممالک کے درمیان تنائو پیدا ہوا ہے ۔