قومی سیاسی نظام کو اہل ، دیانتدار قیادت ہی ترقی و استحکام دے سکتی ہے‘لیاقت بلوچ

کرپشن اور لوٹ مار کی دولت واپس قومی خزانہ میں لاکر غریب اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خرچ کی جائے گی

منگل 26 جون 2018 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاکہ روایتی ، نااہل ، ناکارہ سیاسی دھڑے ناکام ہوگئے ہیں ۔ قومی سیاسی نظام کو اہل ، دیانتدار قیادت ہی ترقی و استحکام دے سکتی ہے، الیکشن اپنے وقت پر ہونا اب نوشتہ دیوار ہیں ، ووٹر اپنی عزت ، نظام مصطفیٰؐکے قیام اور اسلامی معاشی نظام کے لیے اپنے ووٹ کی طاقت کو جانیں ۔

اپنے حلقہ انتخاب زینت بلاک ، مہران بلاک ،ہما بلاک ، راوی بلاک ، کامران بلاک ، شاہ جمال ، شادمان میں کارنر میٹنگز سے خطاب اور انتخابی دفتر کا افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیاست اور ریاست میں تصادم کا ذمہ دار کرپٹ مافیا ہے ۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل ملک و ملت کو معاشی خوشحالی ، نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار اور خواتین و اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دے گی ۔

ملکی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ کرپشن اور لوٹ مار کی دولت واپس قومی خزانہ میں لاکر غریب اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خرچ کی جائے گی ۔ صنعت کاروں اور زراعت و کسانوں کے حقوق کی حفاظت کی جائے گی ۔ کچی آبادیوں کو ماڈل بستیاں بنائیں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم ترکی میں طیب اردگان کی کامیابی پر خوش ہے ۔ ترک عوام نے جمہوری عمل اور ووٹ کی طاقت سے عالمی برادری میں اپنے لیے عزت کا بلند مقام پالیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ 25 جولائی کو پاکستان کا ووٹر بھی عزت کی چوٹی سر کر ے گا ۔پروگراموں سے احمد سلمان بلوچ ، فیاض فیضی ، احمد رضا بٹ ، خالد عثمان اورعباس چوہان نے بھی خطاب کیا ۔