ضلعی انتظامیہ کا شہر بھرمیں آپریشن، مری روڈسے فیض آباد تک غیر قانونی انتخابی مہم کے بینرزاتاردیئے

انتخابی مہم میں الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے،اے ڈی سی جی

منگل 26 جون 2018 19:43

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سارہ حیات نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پرتمام بینرز ،پوسٹرز اور سٹیمرز اتار دیئے ہیں،الیکشن کمیشن کی ہدایت پر راولپنڈی شہر میں آپریشن کے دوران مری روڈ فیض آباد تک غیر قانونی بینرز ہٹا دیئے گئے ہیں اور کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی مہم میں الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے منگل کو "اے پی پی"سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے بتایا ہے کہ اسٹنٹ کمشنر سٹی کی سربراہی میں راشد منہاس روڈ،مریڑ چوک سے فیض آباد تک تمام غیر قانونی بینرز،پوسٹرز اور سٹیمرز کاخاتمہ کیا گیا ہے جبکہ میٹرو پلرزکے دونوں اطراف پر لگائے گئے مہماتی بینرز بھی اتار کر قبضہ میں لے لئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا ہے کہ یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور اس آپریشن میں پی ایچ اے،میونسپل کارپوریشن اور پولیس کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔