سائنس میں ترقی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، ڈاکٹر قیصر مجید ملک

منگل 26 جون 2018 19:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے کہا ہے کہ سائنس میں ترقی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، آج کے دور میں وہی قومیں دنیا میں آگے ہیں جو سائنس کے میدان میں آگے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ’’بہترین سائنس پروجیکٹ کی تیاری‘‘ کے عنوان سے 2روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کوہاٹ یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمان، پاکستان سائنس فائونڈیشن کے ممبر فنانس تفاخر اسدی اور پاکستان سائنس فائونڈیشن کے سیکرٹری ڈاکٹر راجہ رضی الحسنین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ورکشاپ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں سے سائنسدان شرکت کر رہے ہیں تاکہ انہیں بہترین سائنسی پروجیکٹ کی تیار ی اور ترجیحی پروجیکٹس سے آگاہی دی جا سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان سائنس فائونڈیشن کے مختلف پروگراموں سے لیکچر کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اور دور حاضر کے مسائل سے نمٹنے کیلئے مسلسل تحقیق اور جدت کی ضرورت ہے اور پاکستان سائنس پاکستان سائنس فائونڈیشن اس سلسلہ میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔