Live Updates

بیرسٹر سلطان محمود کی وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے علاوہ آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی

منگل 26 جون 2018 19:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود نے منگل کو یہاں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے علاوہ آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور مقبوضہ وادی میں روزانہ کی بنیاد پر نہتے کشمیروں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد بھارتی فوج نے پرتشدد کارروائیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق حالیہ رپورٹ میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید پامالی کی درست عکاسی کی گئی ہے اور اس رپورٹ نے پوری دنیا میں بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہادر کشمیری بھارتی پرتشدد کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور وہ بھارت سے اپنا حق خود ارادیت کا حق چھین کر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی مسلسل سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت پر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبہ سمیت دیگر سماجی ایشوز پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبہ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس کو مختلف اقدامات کے ذریعے آزاد کشمیر کی پائیدار تعمیر و ترقی اور غربت کے خاتمہ کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود نے وفاقی وزیر کو وزارت امورکشمیر و گلگت بلتستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات