ہماری جدوجہد کا مقصد عوام کی بالادستی ہے،سابق صوبائی وزیر میر اصغر رند

منگل 26 جون 2018 19:48

کوئٹہ۔26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی رہنماء و پی بی 48 کے نامزد امیدوار سابق صوبائی وزیر میر اصغر رند نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد کا مقصد عوام کی بالادستی ہے، پارلیمان میں عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے معاشی خوشحالی اور سماجی انصاف کی جنگ عوام کے سنگ لڑینگے، عوام کی محبت کی قدر کرتے ہیں،پارٹی کارکن پارٹی پروگرام و منشور کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ عام انتخابات میں عوام قومی جوش وجذبے کے ساتھ شرکت کویقینی بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی تقدیر بدلنے اور انہیں غربت ،بے روزگا ی ،جہالت ،پسماندگی کی دلدل سے نکالنے کا پختہ عزم کرچکے ہیں عوام کی حقوق غضب کرنے ،معاشی بدحالی، سماجی ابتری،تعلیم،صحت کی سہولتیں بہم پہنچانے عام عوام کی خوشحالی ہمارا نصب العین ہے، عوام کو کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کرنے والوں کو ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحصیل تمپ بالیچہ،گومازی، نظر آباد،،تگران، خیر آباد، ناصر آباد،نودز، کلاتک کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے ہمارا رشتہ پیار محبت اور خلوص کا ہے ووٹ الیکشن وقتی چیزیں ہیں ان رشتوں کو ووٹ الیکشن پر حاوی نہیں ہونے دینگے عوام کی تائید وحمایت خلوص ومحبت نے انتخابات سے پہلے اپنا فیصلہ ہمارے حق میں سنا دیا ہے ورکروں کی ہمدردی و محبت ان کے خلوص سیاسی بصیرت دوراندیشی کا واضع ثبوت ہے ورکروں کی جوش وجزبہ دیکھ کر سیاسی مخالفین کی راتوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔