پاک فضایہ کا طیارہ کرش لیڈنگ کے دوران گرکرتباہ،دوپائلٹ جاں بحق

منگل 26 جون 2018 20:02

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) پاک فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ پشاور ایئربیس پر کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ایف ٹی-سیون پی جی تربیتی طیارہ معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھا۔ترجمان پاک فضائیہ نے حادثے میں 2 پائلٹوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے جبکہ ائیر ہیڈ کوارٹرز نے حادثے پر بورڈ آف انکوائری کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق طیارے نے صبح 11 بجکر 40 منٹ پر کسٹمز لینڈنگ رن وے کے قریب تکنیکی خرابی کی بناء پر کریش لینڈنگ کی۔عینی شاہدین کے مطابق ٹیک آف کرکے جیسے ہی جہاز تھوڑی سی بلندی پر گیااس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، جہاز کے کپتان نے قریبی آبادی کو بچاتے ہوئے جہاز کو رن وے کی جانب موڑنے کی کوشش کی لیکن کریش لینڈنگ کے دوران ہی اس میں آگ لگ گئی۔عینی شاہدین کے مطابق جہاز میں سے زوردار دھماکے کی آواز بھی سنائی دی جبکہ فضا میں دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔