چاغی، نوشکی اور خاران اپنے ووٹ کا درست استعمال کرکے رخشان ڈویژن میں نئے دور کا آغاز کریں، آزاد امیدوار سردارزادہ سعادت خان محمد زئی اور سردارزادہ شاہ ولی اللہ

منگل جون 20:22

چاغی۔26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) حلقہ پی بی 34 چاغی سے آزاد امیدوار وںسردارزادہ سعادت خان محمد زئی اور این اے 268 کے امیدوارسردارزادہ شاہ ولی اللہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں چاغی، نوشکی اور خاران کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کرکے رخشان ڈویژن میں نئے دور کا آغاز کریں۔ انہوںنے کہا کہ ماضی کے عوامی نمائندوں نے عوام سے ووٹ لے کر عوام کے لیے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا جس کی وجہ سے یہ علاقے آج بھی پسماندگی کا شکار ہیں۔

انہوںنے کہا کہ چاغی معدنیات سے مالاما خطہ ہے لیکن افسوس کہ چاغی کے باسی آج بھی زندگی کی بنیادی سہولیات صاف پانی،، صحت، تعلیم اور نوجوان روزگار سے محروم ہیںجس کی وجہ سے عوام سابقہ نمائندوں سے مایوس ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہمارا الیکشن لڑنے کا مقصد چاغی سمیت نوشکی اور خاران کے عوام کی فلاح و بہبود ہے کیونکہ قیام پاکستان کے بعد سے ان علاقوں کے عوام کا استحصال کرکے انھیں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا اور روایتی سیاستدان کبھی کسی پارٹی تو کبھی کسی پارٹی میں جاکر عوام کو دھوکہ دیتے رہے لیکن اب ایسے نہیں چلے گا۔

انہوںنے کہا کہ محمدزئی قبائل چاغی کے دیگر اقوام کے شانہ بشانہ ہوکر علاقے کی ترقی خوشحالی اور پرامن فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اسی مقصد کے تحت ہم نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر عوام نے موقع دیا تو وہ چاغی سمیت نوشکی اور خاران میں عوام کے نام پر ملنے والے فنڈز عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرکے علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔