اپنے قوم اور حلقے کے عوام کے مطالبے پر صوبائی اسمبلی کی نشست سے الیکشن لڑرہاہوں ، نوابزداہ گزین مری

منگل 26 جون 2018 20:22

کوئٹہ۔26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 9کوہلو سے آزاد امیدوار وسابق وزیرداخلہ بلوچستان نوابزداہ گزین مری نے کہا ہے کہ اپنے قوم اور حلقے کے عوام کے مطالبے پر صوبائی اسمبلی کی نشست سے الیکشن لڑرہاہوں ،اگر کوہلو کے عوام نے اعتماد کیا تو منتخب ہوکر تعلیم ،صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ حلقے میں شاہراہوں کی تعمیر میرترجیحات میں شامل ہونگی ،یہ بات انہوں نے منگل کواپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،نوابزادہ گزین مری نے کہا کہ ہم نے عوام کے ساتھ اپنا رشتہ کبھی نہیں توڑا ہے ،اقتدارکے بغیر بھی مفادات سے بالاتر ہوکر ہر مشکل کی گھڑی میں عوام کے ساتھ رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے شمولیت اور ٹکٹ لینے کی آفر آئی تھی مگر اپنے خاندان اور کوہلو کے عوام سے مشاورت کے بعد آزاد حیثیت سے میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور25جولائی کے انتخابات میں کامیابی کے بعد کی سیاسی پارٹی میں شمولیت کافیصلہ کرونگا۔