سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس

منگل جون 20:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس منگل پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔دوران اجلاس حال ہی میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کے علاوہ ان کیمرہ اجلاس میں لیفٹینٹ جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب اور پاکستان کی دفاعی اور قومی سلامتی پر پڑنے والے اثرات اور دیگر اہم معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخ کے اہم موڑ پر ہیں، ہم امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن یہ تعلقات یکطرفہ نہیں ہو سکتے، سفارتکاری کو اچھے انداز میں چلانے کیلئے ضروری ہے کہ تجربہ کار لوگوں کو موقع دیا جائے اور پیشہ ور سفارتکاروں کو تعینات کیا جائے۔

(جاری ہے)

سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ یہ مسئلہ تحریک التواء کے ذریعے ایوان میں اٹھایا گیا تھا اور اس پر تفصیلی بحث ہوئی تھی تاہم اب یہ معاملہ قائمہ کمیٹی امور خارجہ کو مناسب کارروائی کیلئے بھیجا جائے گا۔

کمیٹی نے ان کیمرہ اجلاس میں لیفٹینٹ جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب اور دفاع سے متعلق اہم امور کا تفصیل سے جائزہ لیا اور وزارت دفاع نے کمیٹی کے سامنے اس ضمن میں کی گئی کارروائی کے بارے میں آگاہ کیا۔اجلاس میں سینیٹرز لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، مشتاق احمد ، عبدالرحمن ملک ، سجاد حسین طوری اور محمد جاوید عباسی کے علاوہ وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیب کے چیئرمین کو دھمکی دینے کی شدید مذمت کی گئی۔