لاہور پولیس نے تھانہ کی سطح پر بنائی جانے والی تمام عوامی تحفظ کمیٹیاں تحلیل کر دیں

عوامی تحفظ کمیٹیاں تحلیل کرنے کا بنیادی مقصد عام انتخابات کو صاف و شفاف بنانا ہے،ایس ایس پی آپریشنز لاہور

منگل 26 جون 2018 20:23

لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) لاہور پولیس نے تھانہ کی سطح پر بنائی جانے والی تمام عوامی تحفظ کمیٹیاں تحلیل کر دیں، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسد سرفراز خان نے کہا کہ عوامی تحفظ کمیٹیاں تحلیل کرنے کا بنیادی مقصد عام انتخابات کو صاف و شفاف بنانا ہے،تمام ڈویژنل ایس پیز کو تھانوں کی سطح پر عوامی تحفظ کمیٹیاں فوری طور پر تحلیل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، 2014 ؁ء میں آئی جی پنجاب کے حکم پر تھانوں کی سطح پرامن و امان برقرار رکھنے کیلئے عوامی تحفظ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تھیںجس کا بنیادی مقصد کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا تھا، عوامی تحفظ کمیٹیوں میںہر تھانے کے معززین علاقہ کو شامل کیا گیا تھا لیکن اب عام انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کیلئے یہ کمیٹیاں فوری طور پر تحلیل کر دی گئی ہیں تاکہ پُر امن و خو شگوار ماحول میں عام انتخابات انعقاد پذیر کروائے جاسکیں۔