چکلالہ و راولپنڈی کینٹ میں تجاوزات مافیا نے پھر سر اٹھا لیا

منگل 26 جون 2018 20:24

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) چکلالہ و راولپنڈی کینٹ کے علاقوں میں تجاوزات مافیا نے پھر سر اٹھا لیا ،تجاوزات کے باعث ٹریفک نظام شدید متاثر ہونے لگا ۔راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے مشترکہ علاقے بائیس نمبر چونگی کے دکانداروں نے اے پی پی کو بتایاکہ کینٹ بورڈ کا عملہ صبح کے وقت ایک فرضی آپریشن کر کے غائب ہو جاتا ہے جبکہ اس کے بعد ریڑھی و ٹھیلا مافیا دکانوں کے آّگے براجمان ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں اور شہریوں نے قومی خبرا یجنسی کو بتایاکہ تجاوزات مافیا نے پہلے صرف چوک پر قبضہ کر رکھا تھا جبکہ اب بائیس نمبر چونگی سے فیصل کالونی تک دونوں اطراف براجمان ہو چکے ہیں جس سے سڑک مزید سکڑ گئی ہے ۔تاجروں کاکہناتھا کہ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کے وارڈن حتی المقدور کوشش کرتے ہیں تاھم متعلقہ محکموں کی عدم موجودگی اور ان کی ناقص کارکردگی کے باعث تجاوزات مافیاکی بدولت ٹریفک مسائل درپیش ہوتے ہیں ۔بائیس نمبر چونگی کے دکانداروں نے مطالبہ کیا کہ چکلالہ و راولپنڈی کینٹ کے شعبہ انسداد تجاوزات کے عملہ کو ہمہ وقت علاقہ میں موجود ہونے کا پابند کیاجائے تاکہ وہ تجاوزات مافیاکے خلاف فوری سخت کارروائی کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :