زرعی سائنسدانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی فصلات کی اقسام دریافت کرنے کی ہدایت

منگل 26 جون 2018 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) سیکرٹری زراعت پنجاب ڈاکٹر واصف خورشید نے کہا ہے کہ کسانوں کی ترقی اور خوشحالی زرعی سائنسدانوں کے منصوبوں سے وابستہ ہے۔ زرعی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہی اصل میں کسان کی خدمت ہے۔ انھوں نے زرعی سائنسدان پر زور دیا کہ وہ فصلوں کی ایسی اقسام دریافت کریں جوجاری موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ہوں اور کسان ان کی کاشت سے زیادہ سے زیادہ منافع کما سکیں۔

محکمہ زراعت راولپنڈی کی جانب سے قومی خبر ایجنسی کو جاری ہینڈ آئوٹ کے مطابق سیکرٹری زراعت نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کا کردار زراعت کی ترقی میں انتہائی اہم ہے ۔ اب تک کم وسائل کی دستیابی کے باوجود زرعی سائنسدانوں نے پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔

(جاری ہے)

دیانتداری سے فرائض انجام دینے والے افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انھیں تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے تاکہ کارکردگی میں مزید بہتری آسکے۔

انھوں نے مزید کہا کہ زرعی سائنسدانوں کو ریسرچ کی غرض سے بیرون ملک بھی بھیجا جا رہا ہے تاکہ ریسرچ کے کام کو بین الاقوامی ڈیمانڈ کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی سائنسدان اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔ انھوں نے کہا کہ کسان سے رشتہ جوڑے رکھنے کیلئے زرعی توسیعی کے کارکنان بھی قابلِ ستائش ہیں جو کسان کے کھیت میں جا کر ان کے مسائل کوحل کرتے ہیں اور زراعت میں ہراول دستہ کے طور پرملک و قوم کی خدمت کرتے ہیں۔سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ کاشتکار کی خدمت محکمہ زراعت پنجاب کا نصب العین ہے اور انشااللہ محکمہ زراعت پنجاب پوری تندہی سے کاشتکاروں کی فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :