صدر آزاد کشمیر کا شجاعت بخاری کو خراج تحسین

منگل 26 جون 2018 20:43

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے شجاعت بخاری کو ان کی شہادت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے ایک عظیم سپوت تھے اور کشمیری صحافیوں کے لئے ایک مشعل راہ تھے ۔ انہوں نے بھارت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شجاعت بخاری کے قتل سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے زیر اہتمام شجاعت بخاری شہید کے اعزاز میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بابت رپورٹ شائع ہونے کے چند ہی گھنٹوں بعد شجاعت بخاری کے سفاکانہ قتل نے اس رپورٹ میں شائع ہونے والے بھارتی مظالم کے حقائق پر مبنی ہونے کی مہر ثبت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شجاعت بخاری کی شہادت پوری پاکستانی و کشمیری قوم کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے وہ ایک دردمند انسان تھے جو مسئلہ کشمیر پر مضبوط گرفت رکھتے تھے اور وہ سٹیٹس کو کے خلاف تھے اور ان کے اس دنیا سے چلے جانے پر انہیں ذاتی طور پربہت صدمہ ہوا ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ شجاعت بخاری کشمیریوں کی آواز کو دنیا بھر میں بلند کرنا چاہتے تھے تاکہ عالمی برادری کو یہ باور کرایا جا سکے کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں اور ان کی مرضی کے مغائر مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل ناقابل عمل و ناممکن ہے ۔

شجاعت بخاری کی شہادت اس عزم کا اعادہ ہے کہ کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس مسئلے کو کبھی حل نہیں کیا جا سکتا ۔ صدر ریاست نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج نے پوری وادی کو محاصرے میں لے رکھا ہے اور سکیورٹی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشنز کی آڑ میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا بازار گرم کر رکھا ہے،جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور وہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہے ہیں۔

اس طرح بھارتی قابض افواج مسلسل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یہ سب کچھ اس لئے کر رہا ہے تاکہ وہ کشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت سے دستبردار ہونے پر مجبور کر دے لیکن ایسا ہم ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔ صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے ہائی کمشنر زید بن راعد الحسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی دبائو کے باوجود نہایت جرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ایک جامع رپورٹ کی شکل میں شائع کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جو بھارت کی ناکامی اور کشمیریوں کی کامیابی کی ایک کڑی ہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کرنا چاہیے ۔ سوشل میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو عالمی برادری اور سول سوسائٹی تک پہنچانا چاہیے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی صحافتی برادری کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مقتدر حلقوں اور سول سوسائٹی میں اجاگر کرنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں ، تاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق ، حق خودارادیت مل سکے۔