Live Updates

الیکشن جیت کر مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے، بھاشا اور دیگر چھوٹے ڈیم وقت کی ضرورت ہیں، شہباز شریف

منگل 26 جون 2018 20:43

الیکشن جیت کر مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے، بھاشا اور دیگر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن جیت کر مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقداما ت کریں گے ، اگر کسی اور نے حکومت بنائی تو اس کے ساتھ تعاون کریں گے، بھاشا ڈیم اور دیگر چھوٹے ڈیموں کی شدید ضرورت ہے، پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر رہا ہے، کشکول توڑنے کے لئے قوم کو مزید فیصلے کرنا ہوں گے، آئندہ پرامن انتخابات کے انعقاد میں کوئی ابہام نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جمہوری انداز میں انتقال اقتدار ہو، کراچی کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے، اگر نیب اور دیگر اداروں کی کارروائیاں شفاف نہیں ہوں گی تو انگلیاں اٹھیں گی، کراچی میں گرین لائن منصوبہ کے لئے وفاق نے پیسے فراہم کردیئے لیکن بسیں اس لئے نہیں چلیں کہ بعض لوگوں کے ذاتی مفاد پورے نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

پورٹ اور تجارت کے حوالے سے روشنیوں کے شہر کا حال دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، کراچی میں بجلی کی کمی ہے اور کے الیکٹرک کے دو منصوبے بند ہیں انہیں کیوں نہیں چلایا جا رہا، کراچی سے اس لیے الیکشن لڑرہا ہوں کہ یہ پاکستان کا دل ہے، پہلے کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا، رینجرز اور پولیس کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے، سالڈ ویسٹ کی وجہ سے کراچی میں ماحولیاتی خرابی پیدا ہوئی ہے جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے، یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہے، کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائنز ہونی چاہئے تھیں، ہم آئندہ کراچی میں3 اورنج میٹرو لائنز کے منصوبے لائیں گے، نواز شریف اور مریم نواز قانون کی حکمرانی کے لیے عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، قانون کے مطابق شریف فیملی ان مقدمات کا سامنا کرے گی، ہم گھبرانے والے نہیں، آئندہ الیکشن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے رہنما کھیل داس کوہستانی کی صدار ت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد، این اے 249 کے کارکنان ، خواتین بزنس کمیونٹی ، پروفیشنلز اور ینگ پروفیشنلز کے وفد ، کاروباری افراد سے تعلق رکھنے والے وفد اور سینئر صحافیوں اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان ہم سب کا ہے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔

اقلیتی برادری کے وفد نے بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ خواتین بزنس پروفیشنلز اور ینگ پروفیشنلز کے وفد نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وفد نے کہا کہ کراچی کا امن بحال کرنے پر کاروباری طبقہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا شکر گزار ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی ترقی میں خواتین کا بھی بہت اہم کردار ہے ۔ بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں کاروبار کی ترقی کے لیے امن قائم کیا اور بجلی کا مسئلہ حل کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم ہماری پہلی ترجیح ہو گی، بھاشا ڈیم پاکستان کے لیے ناگزیر ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مزید بجلی کے منصوبے لگائیں گے، برآمدات میں اضافے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ملک میں کاروبار کی ترقی کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے، گرین پاسپورٹ کی عزت کے لیے کشکول توڑنا ہو گا ۔ معیشت کو ترقی دینا ہو گی ۔ سینئر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے 10 ہزار میگاواٹ سستی بجلی کے منصوبے لگائے ، شفاف انتخابات کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں، اگر ہمیں ملک کی خدمت کا موقع ملا تو قومی حکومت بنائیں گے ۔ قومی حکومت ہی ملک کے مسائل حل کر سکتی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات