یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت سے کوئی مسئلہ نہیں ، جس کے نصیب میں ہوگا وہ ورلڈ کپ کھیلے گا

ٹیسٹ میچز کے فوری بعد ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کھیلنے میں مجھے کوئی پریشانی نہیں ہو گی، شاداب خان

منگل 26 جون 2018 20:55

یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت سے کوئی مسئلہ نہیں ، جس کے نصیب میں ہوگا وہ ..
لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپن بولر شاداب خان نے کہا ہے کہ انہیں یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور جس کے نصیب میں ہوگا وہ ورلڈ کپ کھیلے گا ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ یاسر شاہ میرے سینئر ہیں میری دعا ہے کہ یاسر شاہ ٹیسٹ میچز کی طرح دیگر فارمیٹ کی کرکٹ میں بھی اچھی پرفارمنس دیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار دار کریں ۔

شاداب خان نے کہا کہ دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز اسپنر راشد خان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں اچھا پرفارم کررہے ہیں تاہم مجھے مکمل سیریز مل رہی ہے اور میری کوشش ہوگی کہ اس سیریز کے بعد دنیا کا نمبر ون بولر بنوں ۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں ٹیم کتنی بھی اچھی کیوں نہ ہو وہی ٹیم جیتتی ہے جو میچ کے دن اچھا پرفارم کرے ۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی میچز میں وکٹیں فلیٹ ہوتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شاداب نے بتایا کہ انہوں نے اے ٹیم کی طرف سے پرفارم کرنے کے بعد پی ایس ایل میں جگہ بنائی تھی اور دونوں ٹورنامنٹ کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ،میر ی کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو فیلڈنگ ،بیٹنگ اور بولنگ میں جہاں میری ضرورت ہو وہاں اچھا پرفارم کروں ۔ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرسکتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کے فوری بعد ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز کھیلنے سے مجھے کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا کیونکہ میں زیادہ تر مختصر فارمیٹ کی کرکٹ ہی کھیلا ہوں ،دورہ سکاٹ لینڈ اور انگلینڈ سے ٹیم کو کافی فائدہ ہوا ہے جو کہ ٹرائی اینگولر اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں کام آئے گا ۔