ضلع چنیوٹ میں جعلی دیسی گھی کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا

محکمہ ہیلتھ چنیوٹ اور دیگر متعلقہ افسران کی جانب سے کاروائی سوالیہ نشان بن گئی

منگل 26 جون 2018 21:03

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) ضلع چنیوٹ میں جعلی دیسی گھی کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ۔چنیوٹ کی مین شاہرات اور اہم علاقوں میں خود ساختہ اور مختلف مضر صحت اشیاء شامل کرکے بنایا جانے والا جعلی دیسی گھی فروخت کیا جا رہا ہے جس پر محکمہ ہیلتھ چنیوٹ اور دیگر متعلقہ افسران کی جانب سے کاروائی سوالیہ نشان بن گئی ۔ ضلع چنیوٹ میں بڑے پیمانے پر جعلی دیسی گھی بنایا جا رہا ہے جس میں آلو،گریس،اور کیمیکلز کے علاوہ اس خود ساختہ جعلی دیسی گھی کو خوشبو کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے اور اس کیلئے ڈیری فارمنگ کے جھوٹ کا سہارا لیا جاتا ہے ۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمنگ کے نام پر تیار کیا جانے والا دیسی گھی پنجاب کے دیگر بڑے شہروں کو بھی فروخت کیلئے بھیجا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جب اس دیسی گھی کی تیاری کی جاتی ہے تو نا قابل برداشت بد بو بھی پیدا ہوتی ہے۔شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بازار میں بنی ہوئی دیسی گھی کی دکان سے دو کلو گھی خریدا اور گھر لایا گیا چند روز بعد دیسی گھی کو گرم کیا گیا تو اس سے اٹھنے والی بد بو پورے گھر میں پھیل گئی جس سے گھر کے تمام افراد کی طبعیت بری طرح خراب ہو گئی ۔

جو بعد ازاں ڈاکٹر سے مہنگی فیس ادا کرکے لی گئی دوائی کے بعد ٹھیک ہوئی شہریوں کا کہنا تھا کہ جعلی دیسی گھی کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی جس سے یہ زہریلا دیسی گھی عوام میں بلا خوف و خطر فروخت کیا جا رہا ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ اور دیگر افسران سے اس مسئلہ پر فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مضر صحت گھی فروخت ہونے والا یہ سلسلہ مکمل طور پر بند کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :