کے ایس ای100انڈیکس 200 پوائنٹس کے اضافے سے ایک بار پھر41 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا

منگل 26 جون 2018 21:06

کے ایس ای100انڈیکس 200 پوائنٹس کے اضافے سے ایک بار پھر41 ہزار پوائنٹس کی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروبار حصص پر سے مندی کے بادل چھٹ گئے اورمارکیٹ میں 200سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای100انڈیکس ایک بار پھر41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیاجبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں73ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم ایک بار پھر85کھرب روپے کی سطح سے تجاوز کر گیا ۔

شیئرز مارکیٹ میں منگل کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان غالب رہا ،مقامی انسٹی ٹیوشنز او بروکریج ہائوسز کی جانب سے سیمنٹ ،بینکنگ ،توانائی اوراسٹیل سیکٹرز میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 41527پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے معمولی دبائو کی وجہ سے انڈیکس 41500،41400اور41300پوائنٹس کی بالائی حد سے گرگیا تاہم مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مسلسل تنزلی کے شکار اسٹاک مارکیٹ کو دبائو سے نکالنے کیلئے مالیاتی اداروں نے سرمایہ کاری کو ترجیح دی جس کی وجہ سے عید الفطر کی تعطیلات کے بعد سے کھلنے سے والی مارکیٹ تنزلی کے گرداب سے نکل آئی تاہم اس تیزی کو بھی عارضی قرار دیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں267.86پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس40978.23پوائنٹس سے بڑھ کر41246.09پوائنٹس ہو گیا اسی طرح137.58پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس20278.53پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس29756.70پوائنٹس سے بڑھ کر30018.36پوائنٹس پر بند ہوا ۔

منگل کو مجموعی طور پر358کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 189کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،139میں کمی اور30کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔منگل کو 17کروڑ97لاکھ 71ہزار حصص کا کاروبار ہوا جبکہ پیر کو 16کروڑ66لاکھ 48ہزار سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے تھے ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 73ارب28کروڑ72لاکھ33ہزار467روپے بڑھ کر85کھرب4ارب 81کروڑ2لاکھ34ہزار 815روپے ہو گیا ۔

کاروبار کے لحاظ سے پاور سیمنٹ 3کروڑ15لاکھ ،بینک آف پنجاب 1کروڑ57لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 55لاکھ41ہزار ،پاک الیکٹرون54لاکھ78ہزار اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 51لاکھ33ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں تیزی کے اعتبار سے فلپ مورس پاک کے حصص کی قیمت141.27روپے کے اضافے سی2966.82روپے ہو گئی اسی طرح پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت97.69روپے بڑھ کر2125.00روپے پر جا پہنچی جبکہ صنوفی ایونٹس اورباٹا پاک کے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب55.97روپے اور30.06روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت1063.43روپے اور باٹا پاک کے حصص کی قیمت1869.61روپے پر آ گئی ۔