ترجمان پی آئی اے کی اسلام آباد ائر پورٹ پر مسافروں کو سامان کی ترسیل میں تاخیر کے متعلق گردش ہونے والے ویڈیو کلپ کے بارے میں وضاحت

منگل 26 جون 2018 21:08

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ترجمان پی آئی اے نے سوشل میڈیا میں نئے اسلام آباد ائر پورٹ پر مسافروں کو سامان کی ترسیل میں تاخیر کے متعلق گردش ہونے والے ویڈیو کلپ کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیو کلپ پرانا ہے اور اس واقعہ کا پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے فوری نوٹس لیا تھا اور اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ پر تعینات پی آئی اے ملازمین کو مسافروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کر دی گئیں تھیں اورخاص طور پر اسلام آباد پہنچنے والے مسافروں کو ان کے سامان کی بلا تاخیر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ کا بنیادی ڈھانچہ ملک کے دوسرے ائر پورٹس سے مختلف ہے اور اس کی وجہ سے درپیش مشکلات کے حل کے لئے پی آئی اے پاکستان سول ایوی ایشن کے ساتھ رابطہ میں ہے تا کہ کار کردگی میں بہتری لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ دوسری ائر لائن بھی ائر پورٹ کے ڈھانچہ کے باعث مسافروں کو سامان کی فراہمی میں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں ۔

نئے ائر پورٹ کے افتتاح کے بعد مختلف شعبوں میں خاطر خواہ بہتری لائی گئی ہے جن میں سامان کی ترسیل کے لئے نئے ٹرک، گرائونڈ پاور ، بورڈنگ کارڈ ریڈر مشینیں، ائر پورٹ سٹاف کی نئی وردی اور جدید ترین مواصلات کا سامان شامل ہے۔ مزید برآں سامان کی ترسیل میں تاخیر کو پی آئی اے انتظامیہ کی کوششوں سے کم سے کم سطح پر لایا گیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ بھر پور کوشش کر رہی ہے کہ مسافروں کوسامان کی ترسیل میںتاخیر کو بالکل ختم کر دیا جائے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے غیر قانونی طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین کے خلاف انکوائری کا حکم دیا ہے ۔ پی آئی اے تمام شعبہ جات میں بتدریج بہتری لا رہی ہے جس میں نظم و ضبط کی پابندی، اضافی افرادی قوت کی فراہمی اور گرائونڈ ہینڈلنگ مشینری میں اضافہ بھی شامل ہے۔