تعلیم کے لیے کریم کی کارٹائپ مہم اختتام پذیر، 6.6ملین کا چیک ٹی سی ایف کے حوالے کردیاگیا

منگل 26 جون 2018 21:08

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) تعلیم کے فروغ کے لیے دی سیٹیزنز فاونڈیشن اور کریم کے تحت کارٹائپ مہم اپنے اختتام کو پہنچ گئی، کریم نے 6.6ملین روپے کا چیک دی سیٹیزنز فاونڈیشن کے حوالے کردیا، مہم کی اختتامی تقریب کا انعقادکریم ہاوس میں منگل کے روز ہوا ، جس میں کریم کے منیجنگ ڈائریکٹر جنید اقبال نے دی سیٹیزنز فاونڈیشن کی ڈائریکٹر بشرا افضل کوچیک پیش کیا، ملنے والی رقم سے دی سیٹیزنز فاونڈیشن ایک سال کے دوران ہونے والے اندرونی اخراجات پر خرج کرے گا۔

اس موقع پر کریم کے منیجنگ ڈائریکٹر جنید اقبال نے بتا یا کہ پاکستان میں غریب بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کارٹائپ مہم کاآغاز کریم کی جانب سے 2018کے رمضان المبارک کے موقع پر کیا گیا تھا ،جسے دی سیٹیزنز فاونڈیشن نے متعارف کرایا تھا، اس مہم میں طے کیا گیا تھا کہ جو مسافر کار ٹائپ کا انتخاب کرے گا، اس آفر کے انتخاب پر 20روپے کی رقم کو کریم کی جانب سے دگنا کرکے دی سیٹیزنز فاونڈیشن کو عطیہ کیے جائیںگے، اور عطیہ کی گئی رقم پاکستان بھر میں موجود غریب افراد کے بچوں کی پڑھائی میں معاونت پر خرچ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جنید اقبال نے بتایا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں بھی کریم نے سیٹیزنز فاونڈیشن کے اس عظیم مقصد کے لیے مہم کا آغاز کیا تھا جس میں 1.9ملین روپے کی رقم عطیہ کی گئی تھی۔ جنید اقبال نے ٹی سی ایف انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح کی معیاری تعلیم کا بندوبست ادارے نے بچوںکے لیے پڑھے لکھے اور معیاری اساتذہ کی نگرانی میں کررکھا ہے، کسی اور جگہ ممکن نہیں ہے۔

جس کے لیے ادارے اور اس میں کام کرنے والوں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ دی سیٹیزنز فاونڈیشن کی ڈائریکٹر بشرا افضل نے کریم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے اس سفر میں کریم نے انتہائی اہم شراکت دار کی حیثیت اختیار کی ہے جو قابل ستائش ہونے کیساتھ دیگر کے لیے مشعل راہ ہے، انھوں نے بتایا کہ کریم کے ذریعے متعارف کرائی گئی کارٹائپ آفر کو عوام الناس کی جانب سے کافی پذیرائی حاصل ہوئی، اور اس آگاہی مہم کے ذریعے لوگوں نے ٹی سی ایف کے مشن سے متعلق بھی آگاہی حاصل کی، جس کے لیے ہم کریم کے شکرگزار ہیں، اور امید کرتے ہیں پاکستان میںنہ صرف تعلیم کے فروغ بلکہ بہتر پاکستان کے لیے اپنا کردار بخوبی طریقے سے آئندہ بھی ادا کرے گا۔