پاکستان نے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا تجزیہ کرنے کا خیر مقدم کیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

منگل 26 جون 2018 21:08

پاکستان نے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے آزاد جموں و کشمیر سمیت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا تجزیہ کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مسترد کیا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت تک نہیں دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں تنہائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس کی رپورٹ کی تجاویز کو ختم کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو سال اور بالخصوص برھان وانی کی شہادت کے بعد سے اس مشن سے مقبوضہ وادی میں انکوائری کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شجاعت بخاری ایک بہادر صحافی تھے جنہوں نے رپورٹ کی اشاعت کے بعد اس پر ٹویٹ کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ انہیں ان کے اس ٹویٹ کے دو گھنٹے بعد ہی مار دیا گیا جو نہ صرف بھارتی صحافیوں بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک خطرناک صورتحال ہے۔