Live Updates

عوامی نیشنل پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ جنگ لڑی ، الیاس احمد بلور

منگل 26 جون 2018 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما ء اور ملک کے ممتاز پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ملک کی واحد سیاسی پارٹی ہے کہ جس نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ جنگ لڑی ہے اور 10 ہزار پارٹی کارکنوں سمیت صوبائی اسمبلی کے ممبران اور اپنے سینئر سابق صوبائی وزیر شہید بشیر احمد بلور کی جان کا نذرانہ پیش کرکے ملک کی سلامتی اور بقاء کو یقینی بنایا ۔

ایک بیان میںملک کے سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی حکومت نے صوبہ میں تعلیم ،ْ صحت ،ْصوبائی خود مختاری اور سب سے بڑھ کرصوبہ کو اس کی پہچان اور نام دینے کے لئے جو گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں اس کی مثال صوبے کی سیاسی تاریخ میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق حکومت نے حالت جنگ میں بھی 9یونیورسٹیاں ،ْ 13 کالجز ،ْ ہسپتال ،ْپشاور میں پلوں کی تعمیر سمیت میگاپراجیکٹس اور صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت نے عوامی نیشنل پارٹی کی سابق حکومت کی جانب سے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کو نہ صرف سبوتاژ کیا اور ہماری حکومت کے منصوبوں کو اپنا نام دیکر سیاسی مقاصد حاصل کئے ۔ انہوںنے کہاکہ اس صوبہ کو جتنا نقصان تحریک انصاف کی حکومت اور عمران نیازی اینڈ کمپنی نے پہنچایا ہے اتنا کسی حکومت نے نہیں پہنچایا۔

انہوں نے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو عوامی نیشنل پارٹی اور تحریک انصاف کی حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کرنے کے لئے ٹی وی چینل پر مناظرہ کا چیلنج بھی دیا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ کسی بھی چینل پر بیٹھ کر مناظرہ کرلیںتاکہ پوری قوم کو تحریک انصاف کی تبدیلی کا اصل چہرہ دکھایا جائے تاکہ تعلیم ،ْ صحت اور اس حکومت کے برائے نام ترقیاتی منصوبوں کا پول کھل سکے اور انہیں اندازہ ہوجائے کہ پختونخوا کے غیور عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام پر کتنا بڑا دھوکہ ہوا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات