عمران خان نے لوٹوں کو ٹکٹ دے کر تبدیلی کے دعووں کی نفی کر دی ہے، شاہ محمد اویس نورانی

منگل جون 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور ایم ایم اے کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ عمران خان نے لوٹوں کو ٹکٹ دے کر تبدیلی کے دعووں کی نفی کر دی ہے۔ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کے ذریعے تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔ وزیراعظم بننے کے شوق میں سارے اصول روندنے والا قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔

عمران خان نیا پاکستان نہیں اپنی باری مانگ رہا ہے۔ ایم ایم اے اقتدار میں آ کر محروم طبقات کی محرومیاں ختم کرے گی۔ ایم ایم اے میں ٹکٹوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہیں۔ ہمارے امیدوار بڑے بڑے برج الٹا کر سرپرائز دیں گے۔ ہم تاریخی فتح کے لئے پرامید ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو کتاب کے نشان کا بول بالا ہو گا۔

ایم ایم اے نے ابھی تک کسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کی۔ ہمارے امیدوار ایم ایم اے کے پرچم، منشور اور نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ ہماری منزل انقلاب نظام مصطفے ہے۔ ہم ملک میں شرعی نظام لاگو کرنا چاہتے ہیں۔ ایم ایم اے کی انتخابی مہم کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران عاشقان رسول کا سمندر سڑکوں پر ہو گا۔ ایم ایم اے چاروں صوبوں میں جیتے گی ۔ قوم تمام مکاتب فکر کے اتحاد سے خوش ہے۔