Live Updates

ن لیگ کے رہنما پیر اقبال شاہ نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

لودھراں میں جہانگیر ترین کے صاحبزادے کو شکست دینے والے پیر اقبال شاہ نے بیٹے کو ٹکٹ نہ دینے پر ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی

muhammad ali محمد علی منگل 26 جون 2018 20:14

ن لیگ کے رہنما پیر اقبال شاہ نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا
لودھراں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2018ء) ن لیگ کے رہنما پیر اقبال شاہ نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے پنجاب میں اپنے ایک اور مضبوط امیدوار سے ہاتھ دھونا پڑ گیا ہے۔ لودھراں میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کو اپ سیٹ شکست دینے والے پیر اقبال شاہ نے بیٹے کو ٹکٹ نہ دینے پر ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

پیر اقبال شاہ اور ان کے صاحبزادے نے لودھراں سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ پیر اقبال شاہ کو تحریک انصاف کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اس سے قبل کچھ روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ن لیگی رہنما پیر اقبال شاہ کا تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لودھراں کی سیاست میں اچانک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

لودھراں سے تعلق رکھنے والے ن لیگی رہنما پیر اقبال شاہ ٹکٹ نہ ملنے پر ن لیگ سے ناراض ہو گئے تھے۔جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیر اقبال شاہ بیٹے عامر اقبال سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گے۔پیر اقبال شاہ نے لودھراں کے ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیابی سمیٹی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

خیال رہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری ہے۔ سیاسی رہنما اپنی پارٹیوں کو چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں شامل ہو رہے ہیں، ملک کے اس سیاسی ماحول میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں پی ٹی آئی نے حاصل کی ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت ہوا کا رُخ عمران خان بنے ہوئے ہیں، یہ تمام وہ سیاسی رہنما ہیں جو الیکشن سے قبل ہوا کے رُخ کا تعین کرتے ہیں اور پھر اسی پارٹی میں شامل ہوجاتے ہیں جس کے الیکشن جیتنے کے چانسز زیادہ ہوں۔

گذشتہ کچھ ماہ میں پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی کئی وکٹیں اُڑائی ہیں ۔ جس سے مسلم لیگ ن کو سخت مشکل کا سامنا ہے ،مسلم لیگ ن کے رہنما پیر اقبال شاہ نے بھی آج پارٹی سے علیحدگی کا اعلان تو کیا ہے لیکن اس کے بعد وہ کس پارٹی میں شامل ہوں گے اس حوالے سے فی الوقت کوئی اعلان نہیں کیا۔۔مسلم لیگ ن کے کئی رہنما پارٹی چھوڑ کر دوسری سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں،جس کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو قومی و صوبائی اسمبلی کے تگڑے اُمیدوار ڈھونڈنے میں شاید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات