عدالت عالیہ کے فل کورٹ کی جانب سے منظور کردہ ضابطہ دیوانی کے رولز میں تبدیلی

لاہور ہائیکورٹ کی رولز کمیٹی نے سیکرٹری قانون پنجاب کو مسودہ کو کابینہ میں بھجوانے کی ہدایت کردی

منگل 26 جون 2018 21:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ کی رولز کمیٹی نے سیکرٹری قانون پنجاب کو عدالت عالیہ کے فل کورٹ کی جانب سے منظور کردہ ضابطہ دیوانی کے رولز میں تبدیلی کے مسودہ کوکابینہ کی منظوری کے لئے بھجوانے کی ہدائت کر دی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس طارق عباسی اور قانون دان میاں ظفراقبال کلانوری پرمشتمل رولز کمیٹی کے حکم پر سیکرٹری قانون پنجاب ابوالحسن نجمی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے،کمیٹی کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے عدالت عالیہ کے فل کورٹ کی جانب سے منظور کردہ ضابطہ دیوانی کے رولز میں تبدیلی کے مسودہ کوکابینہ کی منظوری کے لئے بھجوانے کی ہدائت کر دی،کمیٹی نے اجلاس میں موجود ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کو نئے مسودہ قانون کی روشنی میں ججز ،لاء افسران اور وکلاء کی تربیت کے حوالے سے کورس از سر نو تشکیل دینے کی ہدائت کی،رولز کمیٹی کے ممبر اور ترمیمی مسودہ کے خالق میاں ظفر اقبال کلانوری نے اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ضابطہ دیوانی کے نئے ترمیمی رولز کو کابینہ سے منظوری کے بعدگورنر پنجاب کو بھجوایا جائے گا ،گورنر پنجاب کی منظوری ہوتے ہی سیکرٹری قانون کی جانب سے نوٹیفیکیشن ہوتے ہی ضابطہ دیوانی کے نئے رولز نافذ ہو جائیں گے،انہوں نے بتایا کہ فوجداری نوعیت کے تصفیہ طلب مقدمات کوترمیمی رولز میں شامل رکھا گیا ہے۔