پاکستان سے محبت اور اس ملک پر فخر کریں۔ زندگی میں ہمیشہ سچ بولیں اور کبھی جھوٹ نہ بولیں، میاں فاروق الطاف

جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں اور بڑے ہوکر ملکی تعمیروترقی میں بھرپور حصہ لینے کا عزم کریں، وائس چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ

منگل جون 21:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) پاکستان سے محبت اور اس ملک پر فخر کریں۔ زندگی میں ہمیشہ سچ بولیں اور کبھی جھوٹ نہ بولیں ۔ جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں اور بڑے ہوکر ملکی تعمیروترقی میں بھرپور حصہ لینے کا عزم کریں۔ ان خیالات کااظہاروائس چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،،لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے پانچویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر تجزیہ نگار ودانشور نجم ولی خان اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید بھی موجود تھے۔نظریاتی سمر سکول کا انعقاد نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ سکول کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک ‘نعت رسول مقبولؐ‘ قومی ترانہ اور کلام اقبالؒ پیش کیا۔

میاں فاروق الطاف نے کہا کہ نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔ ہمیشہ سچ بولیں اور کسی بھی حالت میں جھوٹ نہ بولیں۔ سچ بولنے والا بہادر اور جھوٹ بولنے والا بزدل ہوتا ہے۔قائداعظمؒ اور ان کے رفقائے کار بھی سچ کے علمبردار تھے۔ آپ علامہ محمد اقبالؒ کے صحیح شاہین بنیں اور بڑے ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپورکردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اچھی باتوں پر عمل کرنے کو اپنا شعار بنائیں۔

جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ سچ بولنے والا شخص بہادر جبکہ جھوٹ بولنے والا کمزور ہوتا ہے۔سچا شخص زندگی میں کامیابیاں حاصل کرتا ہے اور ناکامیاں جھوٹے انسان کا مقدر بنتی ہیں۔سچ بولنا اعلیٰ کردار کی بنیاد ہے۔ایکدوسرے کو سلام کرنے میں پہل کریں ۔۔کرپشن ایک ناسور ہے جو ہمارے معاشرہ میں سرایت کر چکا ہے ، ہمیں اس سے بچنا ہے۔ نجم ولی خان نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا گھر ہے اور ہمیں اپنے گھر کی طرح اس کی حفاظت کرنی اور اسے خوبصورت بنانا ہے۔

ترقی ، خوشحالی اور امن کی طرف لے جانیوالے ہمارے ہیرو ہیں۔ قومی زبان اردو ہے اورہمیں اسے فروغ دینا ہے۔ نئی نسل تعلیم پر توجہ دے اور بڑے ہو کر ملک وقوم کی خدمت کرے۔ آپ اس بات کا عزم کریں کہ ہمیشہ پاکستانی پرچم کو سربلند رکھیں گے،، محنت کریں گے اور پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے۔ ڈاکٹرز، انجینئرز، سائنسدان، کھلاڑی اور اچھے سیاستدان بن کر ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کرداراداکریں۔یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ ہر سال یہ بچے اس گلشن میں آتے ہیں اور اچھی اچھی باتیں سیکھتے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں مختلف ہم نصابی سرگرمیوں میں جیتنے والے طلباوطالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔